بابری مسجد کی شہادت کا دن مسلمانوں سے تعصب اور نفرت کی یاد دلاتا ہے،پاکستان

279

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان نے کہا ہے کہ تاریخی بابری مسجد کی شہادت کادن بھارت کی مسلمانوں سے نفرت اورتعصب کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بابری مسجد کے انہدام کو 29سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ ایودھیا میں پرانی مسجد کا انہدام ظلم ، عالمی اصولوں کے منافی اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ نومبر2019 ء کا بھارتی عدالت عظمیٰ کاعیب دارفیصلہ انصاف کی موت تھی ،فیصلہ بی جے پی کے ہندوتوا انتہا پسندی کی طرف تیزی سے نزول کی گواہی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر فوری روکے اور بابری مسجد کو اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مساجد اور اسلامی مقدس مقامات کی حفاظت یقینی بنائے ،او آئی سی اوراقوام متحدہ قراردادوں پرعمل درآمد کرائے۔