صدر نے ریپ کے مجرم کو نامرد کرنے کے قانون پر دستخط کردیئے،نادرا ترمیمی آرڈیننس بھی جاری

376

اسلام آباد(صباح نیوز +اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صدرمملکت نے اینٹی ریپ ایکٹ 2021ء پر دستخط کردیے، صدر کے دستخط کے بعد اینٹی ریپ ایکٹ گزٹ میں شائع ہوگیا۔ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے اس خصوصی کمیٹی کے رکن کے طور پر اپنا حصہ ڈالا، جو آرڈیننس کے تحت بنائی گئی تھی۔گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں فوجداری قانون ترمیمی بل 2021ء کو منظور کیا گیا تھا ، جس کے تحت زیادتی کے مجرم کو نامرد بنایا جائے گا۔اس سے قبل رواں سال جون میں قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے کرمنل لا ترمیمی بل2021ء کی بھی منظوری دی تھی ، وزیرقانون نے کہا کہ کرمنل لا ترمیمی بل کے تحت ریپ کے عادی مجرم کو نامرد کیا جائے گا، عمرقید کاٹ کر جب ریپ کرنے والا دوبارہ جرم کرے گا تو نامرد کیا جائے گا۔ دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نادرا (ترمیمی )آرڈیننس 2021ء جاری کردیا۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت جاری کیا ہے، آرڈیننس سے نادرا آرڈیننس 2000ء کے سیکشن 7میں ترمیم کی گئی ہے۔ ترمیمی آرڈیننس کے تحت تمام ایجنسیاں نادرا کو فورا ًڈیٹا مہیا کرنے کی پابند ہوں گی، نادرا کو ڈیٹا مہیا نہ کرنا بے ضابطگی تصور کی جائے گی جبکہ متعلقہ قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔