رحمت اللعالمین ؐاتھارٹی بے لاگ جائزہ لے  معاشرہ یہاں تک کیسے پہنچا، علامہ ساجد نقوی

321

 

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ پیغمبر اکرم ؐ نے جاہلیت کی رسوم اور اصرو اغلال کا خاتمہ کیا، نیشنل رحمت اللعالمین ؐاتھارٹی حالات کابے لاگ جائزہ لے کہ معاشرہ یہاں تک کیسے پہنچا اور اتھارٹی سیرت پیغمبر اکرمؐ سے ایک ایسا مقبول نسخہ تجویز کرے جس سے پاکستان میں موجود اس قسم کی جاہلیت کے آثار اور واقعات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ سانحہ سیالکوٹ کو مذہبی رنگ دیا گیا اگر توہین ہوئی ہے تو ملک میںآئین و قانون موجود ہے کسی شخص کو حق حاصل نہیں کہ وہ اس کو بنیاد بنا کرسزا دینا شروع کردے  البتہ سانحہ سیالکوٹ کی جامع اور مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ایسے حالات میں جب معاشرے میںعدم برداشت ، مارپیٹ ، جلائو گھیرائو، لاقانونیت اورتشدد کا عنصر پیدا ہو نا شروع ہوجائے تو معاشرے کی اصلاح کیلئے جہاں ریاست کو اقدامات اٹھانے چاہیں وہاں معاشر ے کی اصلاح، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے علمائے کرام، اساتذہ کرام، میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کو بھی اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ قوم کی اصلاح ہوسکے اور وہ صحیح معنوں میں مہذب قوم بن سکے ، انوسٹی گیشن اور پراسیکوشن کا عمل کسی دبائو کے بغیر غیر جانبدار انہ اور شفاف طریقے سے انجام دیا جائے تاکہ عدلیہ ملک میں عدل و انصاف کی فراہمی کویقینی بناتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچا سکے اور سانحہ سیالکوٹ جس سے ملک کا امیج بین الاقوامی سطح پر متاثر ہورہاہے اس کو بحال کرنے میں معاون ہو سکے اور ملک دیگر مذاہب کیلئے امن و آتشی کا مرکز نظر آئے اور اسلام کا حقیقی روشن چہرہ دنیا کے سامنے آسکے ۔