ایم ڈبلیو ایس-ماسا کی نویں سالانہ تعلیمی تقریب تقسیم اسناد و انعامات

355

بچے مستقبل کے معمار ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ایک خوش آئند عمل ہے۔ پچھلی 10سالہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جدہ میں میمن ویلفیئرسوسائٹی -ماسا نے نویں تعلیمی ایوارڈ کا انعقاد ہیپی لینڈ پارک جدہ کارنیش میں کیا۔ تقریب میں سعودی عرب میں مقیم میمن برادری کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیات کے ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سمیت 400 افراد نے شرکت کی۔ ماسا کی طرف سے پرائمری اور سیکنڈری کلاسز، او اینڈ اے لیول، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ڈگری ہولڈرز اور حافظ قرآن سمیت 101 بچوں کو شیلڈ، ٹرافی اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
تعلیمی ایوارڈ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت ابراہیم خیمانی نے حاصل کی۔ فہیم شیوانی نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ جوائنٹ سیکرٹری جاوید اشرف خیرانی نے ماسا کی ایجوکیشن کمیٹی کا تعارف کرایا، جس کے سربراہ محمد سراج لالہ ہیں اورجواپنی ٹیم کے ہمراہ پچھلے 2 ماہ سے تعلیمی اسناد کو جمع اور اس کی جانچ کرنے میں مصروف عمل رہی ہے۔ صدر ماسا شعیب سکندر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ایوارڈ کے لیے منتخب تمام بچوں کو مبارکباد پیش کی اور ایجوکیشن ایوارڈ کے علاوہ دوسرے تعلیمی پروگرام بھی منعقد کرانے کا عندیہ دیا۔ جنرل سیکرٹری صادق سوراٹھیا نے تمام بچوں کی ماؤں کو سراہا کہ جنہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن ایجوکیشن کے وقت بیک وقت ماں اور استاد دونوں کے فرائض سرانجام دیے۔
تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید ناسازی طبیعت کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے، ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد چھاپڑا نے خصوصی طور پر شرکت کی اور تعلیمی میدان میں بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر ماسا کے عہدیداران و ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ماسا کی تاریخ میں پہلی بار انزلہ جاوید خیرانی اور ضیا صادق سوراٹھیا کی جانب سے تیار گئی ماسا ڈاکومنٹری فلم پردہ اسکرین پرحاضرین کو دکھائی گئی جسے خوب پذیرائی ملی۔ مسزارم شعیب سکندراورڈاکٹرشائستہ خالد نے بھی اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت اوردورحاضر کے علوم میں مہارت حاصل کرنے پر زور دیا۔ اسٹیج پرسراج آدمجی کا تیار کیا گیا ٹیبلو6 بچوں نے پیش کیا جسے خوب داد و تحسین ملی۔ وقفے وقفے سے طلبہ کو مہمانان کے ہاتھوں ایوارڈ تقسیم کیے جاتے رہے اور مختلف اسپانسرز کی جانب سے دیے گئے تحائف اور فوڈ کوپنز بھی ہال میں موجود مہمانوں میں بانٹے گئے۔
تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض عمران امین مسقطیہ نے ادا کیے اور ھبا شاہد، اقصیٰ کولساوالا، منال یونس، زینب کبیر اور زین وسیم نے ان کی معاونت کی۔ آخر میں نائب صدر وسیم عبدالرزاق تائی نے تمام مرد و خواتین عہدیداران و ارکان، اسپانسرز، میڈیا نمائندگان، والنٹیئرز اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں کیں۔ رات دیر تک بچے اور بڑے ہیپی لینڈ پارک کے جھولوں اور گیمز سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
OOO