اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر وزیر اعظم کو مبارکباد

290

سعودی دارالحکومت ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات ناصرحبیب، ارشد تبسم، نویداعوان اورناصرمحمود نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر عمران خان کومبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین پاک سعودی فرینڈ شپ فورم ناصر حبیب کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا عمران خان حکومت کا ناقابل فراموش اقدام ہے۔ اس سے جمہوریت اور معیشت مضبوط ہوگی۔ عمران خان کو اب حکومتی سطح پراوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ، عزت اور مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ سماجی و دینی شخصیت ارشد تبسم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے ساتھ ان کے دیگر مسائل کو بھی حل کرنے پر توجہ دے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی بھی اجازت دی جانی چاہیے۔ کاروباری شخصیت نوید خان اعوان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں ملک سے بے لوث پیار ہے۔ ناصر محمود کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت ووٹ کا حق دینے کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کرے۔