چیئرمین مجلس محصورین احتشام ارشد نظامی کے ساتھ خصوصی نشست

486

مجلس محصورین کے چیئرمین احتشام ارشد نظامی کے شکا گو سے ٹورنٹو۔ ملٹن تشریف لانے پر ان کے اعزاز میں سید رضوان انور کی رہائش گاہ پر خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں مجلس محصورین کے ارکان ٹورنٹو۔ ملٹن نے احتشام نظامی کے ساتھ بنگلادیش میں پھنسے ہوئے مصیبت زدہ غیر بنگالی پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق گفتگوکی۔ ارکان میں ریفیوجی کتاب کے مصنف عظمت اشرف، ایسٹ پاکستان اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی این ای ڈی انجینئرنگ کالج کراچی کے سید اظفر شکیل، سمیع الرحمان، ثنا الحق، تنویرتاج، اعجاز تحسین، تمیم انور، مہدی امام، احمر حسن، نظامی اکیڈمی کے فرخ نظامی اور دیگر شامل تھے۔ مصنف و شاعر حشام احمد سید کی رپورٹ کے مطابق احتشام نظامی نے محصور پاکستانیوں کو کسمپرسی سے نکالنے اور ان کی مالی امداد سے متعلق کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ دیگر شرکا نے مالی امداد کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ تاکہ ان کے بچوں کو تعلیم دلوانے کے ساتھ ضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا جاسکے۔ شرکا نے مشرقی پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا، جنہوں نے 1971ء میں اپنی جانیں قربان کیں۔ علاوہ ازیں تمام ارکان نے فرینڈز آف ہیومینٹی (ایف او ایچ)، مسلم ویلفیئراینڈ ڈیلپمنٹ آرگنائزیشن (ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او)، اوبات، ای پی ایس اے سی اور پی آر سی بشمول احمد کریم جنگنڈا اور انور اکمل کی انتھک کوششوں کو سراہا۔