آغا سراج درانی کراچی منتقل ،آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا

421

اسلام آباد (صباح نیوز) نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج محمد بشیر نے آغا سراج درانی کو کراچی منتقل کرنے کے لیے نیب کو2 روزہ راہداری ریمانڈ دیا تھا۔ آغا سراج درانی کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کرنے کے بعد نیب نے جمعے کو عدالت عظمیٰ کے باہر سے گرفتار کیا تھا اور گزشتہ روز راہداری ریمانڈ لینے کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔ نیب نے آغا سراج درانی کو نیب کراچی ہیڈکوارٹر منتقل کردیا ہے جہاں انہیں آج (پیر)کے روز کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب کی ٹیم پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے راہداری ریمانڈ پرآغا سراج درانی کو اسلام آباد سے کراچی لے کر پہنچی۔ آغا سراج درانی کو ائرپورٹ سے نیب ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔ آغا سراج درانی پر سندھ اسمبلی میں جعلی بھرتیوں اور نئی بلڈنگ کی تعمیر میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے کا الزام ہے ۔