بھارتی فوج حواس باختہ ،شدت پسند سمجھ کر شہریوں پر فائرنگ 15 ہلاک

472

نئی دہلی (آن لائن )میانمار کی سرحد سے متصل بھارتی علاقے ناگالینڈ میں بھارتی فوج حواس باختہ ہوگئی ،شدت پسند سمجھ کر عام شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 15افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے غلطی سے شہریوں کو دہشت گرد سمجھ کر ان پر فائرنگ کی تاہم بھارتی فوج کی اندھا دھند فائرنگ پر سراپا احتجاج عوام نے ناگالینڈ میں احتجاج کرتے ہوئے فوجی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ ناگالینڈ سے منتخب حکومتی نمائندے نیفیو ریو نے کہا کہ ہفتے کو پیش آنے والے واقعے میں شہریوں کی ہلاکت کے بعد تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور اس واقعے میں شہریوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے۔انہوں نے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کی جائے گی اور قانون کے مطابق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ایک فوجی افسر نے بتایا کہ ہمیں علاقے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد فوجی نے ٹرک پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں6 افراد ہلاک ہوگئے۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبررساں ادرے سے بات کرتے والے آرمی افسر نے مزید کہا کہ اس واقعے پر غصے کا اظہار کرنے والے مظاہرین نے 2 فوجی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور ان مظاہرین پر فوج کی فائرنگ سے مزید 9 افراد مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مظاہرین سے جھڑپوں میں ایک فوجی بھی مارا گیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ اور اس کے نتیجے پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جانوں کے ضیاع کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانون کے مطابق مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایک مقامی رہنما نی متو کونیاک نے کہا کہ ہلاک ہونے والے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدور ہیں۔ بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے بدقسمت واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ان ہلاکتوں کی تحقیقات کرے گی۔