بلدیاتی ایکٹ کے خلاف پوری قوت سے مزاحمت کرینگے‘عبدالجمیل خان

308
 لانڈھی میں بلدیاتی بل کے خلاف مظاہرے سے عبدالجمیل خان خطاب کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی علاقہ لانڈھی غربی کے تحت لانڈھی نمبر6 نزد ہول سیل مارکیٹ مجوزہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پراحتجاجی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے تھے جن پر بلدیاتی ایکٹ کے خلاف نعرے درج تھے احتجاجی مظاہرین کالے قانون کے خلاف نعرے بازی بھی کر رہے تھے۔احتجاجی مظاہروں سے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان،نائب امیر اور پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر محمد شفیق،ناظم علاقہ لانڈھی غربی حسیب احمد خان ،سابق یوسی ناظم اسرار احمد خان،جے آئی یوتھ کے صدر حماد حیدر ودیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔امیر ضلع عبدالجمیل خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب اور کرپٹ حکومت کراچی کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔انھوں نے اپنی لوٹ مارسے لاڑکانہ کو تباہ کیا نواب شاہ کو تباہ کیا سکھر کو تباہ کیا حیدرآباد کو تباہ کیا اور اب یہ کراچی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن جماعت اسلامی کسی بھی قیمت پر کراچی پر یہ ظلم نہیں ہونے دے گی اور پوری قوت کے ساتھ احتجاج کیا جائے گا۔ہم مجوزہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ اس کالے قانون کے خلاف قانونی جنگ بھی لڑینگے اور کسی کو بھی کراچی کے حق پر ڈاکہ۔ڈالنے نہیں دینگے۔پیپلز پارٹی نے اس ایکٹ کے ذریعے نفرت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کی ہے۔اس ایکٹ سے لسانی جماعتوں کو تقویت ملے گی اور ملک دشمن قوتوں کے عزائم کامیاب ہونگے۔محمد شفیق نے کہا کہ آج پورا کراچی جماعت اسلامی کی۔تحریک کا حصہ بن چکا ہے اور ہم کسی کو بھی کراچی کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے۔حسیب احمد خان نے کہا کہ مجوزہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف کراچی میں 12دسمبر بروز اتوار مزارقائد۔تا کے ایم سی بلڈنگ عظیم الشان احتجاجی مارچ ہوگا اور کراچی کا ایک ایک فرد اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل اور ان کی۔بقاء کیلئے احتجاجی مارچ میں بھرپور طریقے سے شریک ہو کر کراچی کی بقاء کی جنگ لڑے گے۔