پنجاب میں گندم کی بوائی کا 95فیصد ہدف مکمل ہو چکا ، فخر امام

330

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈریسرچ سید فخر امام کی زیر صدارت تمام صوبوں کی گندم کی بوائی و پیداواری اہداف کا ویڈیو لنک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب ڈاکٹر انجم علی نے پنجاب کی نمائندگی کی۔ وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں تاحال مجموعی طور پر گندم کی بوائی کا 95فیصد ہدف مکمل ہو چکا ہے۔اس کے علاوہ گندم کی بوائی کے پیداواری اہداف کی تکمیل کے لیے زرعی یونیورسٹیز میں زیر تعلیم 20ہزار طلبا ء بھی فیلڈ میں کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل کمیٹی آن ایگریکلچر نے پنجاب کے لیے 16.2 ملین ایکڑ ہدف مقرر کیا تھا جبکہ ہم نے اسے بڑھا کر 16.7 ملین ایکڑ کیا ہے تاکہ ہدف سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن کے علاوہ تمام ڈویژنز آج تک گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے قریب پہنچ چکے ہیں۔وزیر زراعت نے وفاقی وزیر سید فخر امام کو کھاد کے لیے پنجاب کے مقرر کردہ کوٹے سے کم سپلائی بارے بتاتے ہوئے کہا کہ یوریا کھاد کی مجموعی پیداوار کا پنجاب کا کوٹہ 70فیصد ہے اس ضمن میں یوریا کی سپلائی کوٹہ کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ گندم کے 2کروڑ 20لاکھ میٹرک ٹن کے پیداواری ہدف کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔