میرپورخاص میں الخدمت کے تحت معذور افراد میں وہیل چیئر تقسیم

209

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاونڈیشن میرپورخاص کے تحت عالمی یوم معذورین کے موقع پر مستحق ضرورت مند معذورین میں وہیل چیئر زکی تقسیم کی پروقار تقریب کا انعقاد الخدمت کمپلیکس خیابان یوسف میں کیا گیا۔تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ جنید مرزا ، سابق ڈائریکٹر کالجز غلام رسول مہر ،جماعت اسلامی کے رہنما لالہ نور محمد، معروف صحافی و سماجی کارکن سید بختیار علی شاہ ،الخدمت فاؤنڈیشن ضلع میرپورخاص کے صدر نادر خان ،گلستان معذورین کے صدر ملک قمرالدین اور حافظ سلمان خالد نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنید مرزا نے کہا کہ ضرورت مند معذورافراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم الخدمت فاونڈیشن کا بہترین کارنامہ ہے الخدمت فاونڈیشن کے میڈیکل، صحت،کلین واٹر،آرفن کیئر (یتیم بچوں)کی کفالت پروجیکٹ، مستحقین میں راشن سمیت دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کے کام انتہائی شاندار اور قابل تقلید ہیں دیگر این جی اوز کو الخدمت کی طرح کام کرنا چاہییے۔ آج کی یہ شاندار تقریب خصوصی افراد کے اعزاز میں منعقد کرکے الخدمت نے معذورں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی افراد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔سابق ڈائریکٹر کالجز غلام رسول مہر نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے مستحق خصوصی افراد ہی ہماری توجہ اور ہمدردی کے حقیقی مستحق ہیں،سید بختیار شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا فلاحی ادارہ الخدمت فاونڈیشن پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو کہ ہرطرح کے حالات میں مختلف شعبوں میں انسانیت کی بلا امتیاز رنگ،نسل و مذہب خدمت کا فریضہ ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر نا در خان صدر الخدمت فاؤنڈیشن میر پور خاص نے مہمانان اور حاضرین کو الخدمت فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔