ٹنڈو محمد خان،بلدیہ ملازمین کی ہڑتال،شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

224

ٹنڈومحمدخان(نمائندہ جسارت) میونسپل ایمپلائز یونین کی اپیل پر میونسپل ورکرز نے صفائی ستھرائی کے کاموں کاساتویں روز بھی بائیکاٹ کردیا ، دفاتر کی تالا بندی ،کام چھوڑ ہڑتال اورمیونسپل آفس کے سامنے بھوک ہڑتال کی گئی ، ہڑتال کے باعث شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ، شہر کے مختلف علاقوں ، بازاروں میں گندا پانی جمع ہونے کے باعث شہری سخت پریشانی سے دوچارہیں۔تفصیلات کیمطابق میو نسپل ایمپلائز یونین ٹنڈومحمدخان کی اپیل پر ٹنڈو محمد خان میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے آفس کی تالا بندی کردی ، جبکہ میونسپل کے عملے نے شہر بھر کی صفائی ستھرائی کے کاموں کا بائیکاٹ کردیا جس کے باعث شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ، میونسپل ایمپلائز یونین کی جانب سے پیر بخش خاصخیلی ، سکندر بھٹی ، صالح بھٹی ودیگر کی قیادت میں میونسپل کمیٹی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی گئی ، جس میں سینکڑوں میونسپل ملازمین نے شرکت کی ، اس موقع پر مظاہرین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں میونسپل ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے میونسپل ملازمین کے مسائل حل نہیں کیے جارہے جو کہ ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ میو نسپل ملازمین کی تنخواہ ٹریزری سے جاری کی جائے بصور ت دیگر ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔