سیالکوٹ واقعے سے ملک کی بدنامی ہوئی، حافظ محمد افراز

292

فیصل آباد( )زرعی یونیورسٹی اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ محمدافزازپڈھانہ نے کہا ہے کہ توہین رسالت انتہائی سنگین جرم ہے لیکن ملزم سے اس کے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں،کسی پر یہ سنگین الزام لگا کر خود ہی اسے وحشیانہ اور حرام طریقے سے سزا دینے کاکوئی جواز نہیں۔سیالکوٹ واقعے پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے مسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھاکر ملک وملت کو بدنام کیا ہے، حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے تدبر سے کام لیتے ہوئے معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے تشدد اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کے بجائے پرامن راستہ اختیار کریں،فریقین پر لازم ہے کہ گستاخوں کے بجائے اپنا گھر تباہ کرنے سے گریزکریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایک آئینی وقانونی نظام موجودہے، اگرچہ اس کی شفافیت اور غیر جانبداری پر سوالات اٹھتے رہتے ہیں، لیکن اس کے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے کا کوئی جواز نہیں، کیونکہ اس سے معاشرے میں انارکی اور لاقانونیت پھیلتی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں۔