حکمرانوں کو غریب کا تڑپنا نظر نہیں آتا،جماعت اسلامی

174

فیصل آباد(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پی پی 117 کے زونل ذمہ داران اوریوسی امراء کا اجلاس زونل جنرل سیکرٹری مختارعلی کی زیرصدارت جامع مسجدعثمانیہ باوا چک میں ہوا۔اجلاس میں زونل نائب امیررائے عمرفاروق کلیار، میاں محمدعمران، رائے مجیب الرحمن بھٹی،لیاقت علی،امجدقیوم پراچہ، مصور اقبال چیمہ اوردیگر ذمہ داران شریک تھے۔ اجلاس میں گذشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ کاجائزہ لیا گیا اورآئندہ کی پلاننگ کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہاکہ حکمرانوں کو غریب کا تڑپنا انھیں نظر نہیں آتا۔ قرآن و سنت کا نظام ملک میں عدل و انصاف اور امن و امان لا سکتا ہے۔ طاغوتی نظام انسانوں کو اپنی غلامی میں جکڑنے کا قانون ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے ہر پاکستانی کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا۔ پاکستان میں جنم لینے والا بچہ لاکھوں روپے کا مقروض پیدا ہوتا ہے۔ غربت اور مہنگائی سے ستائے عوام بھوک کے خوف سے راتوں کو چین کی نیند نہیں سو سکتے۔جنرل سیکرٹری مختارعلی چیمہ نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت کی انتہا اور چوری، ڈاکہ زنی عام ہو گئی ہے۔ سودی کاروبار نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، جس کی وجہ سے ملک میں غربت اور مہنگائی عروج پر ہے۔ پی ٹی آئی کی سونامی کی تباہ کاریاں زبان زد عام ہیں۔ عوام حکمرانوں کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔ جب لوگ نام نہاد جمہوریت سے آزادی حاصل کرنا چاہیں، تو انھیں زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھاجا سکتا۔