بدین: آغا سراج درانی کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ

222

بدین(نمائندہ جسارت) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کی گرفتاری کے خلاف بدین میں احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی اسلام آباد میں نیب کی جانب سے کی گئی گرفتاری کے خلاف پٹھان برادری کی جانب سے برادری معززین آغا عمران پٹھان، بابو عنایت پٹھان ،عبدالقیوم پٹھان ،شہزاد پٹھان، عبدالمنان پٹھان، عبدالغفورپٹھان ،یوسف خان ،شیر خان، جاوید پٹھان اور لالہ پٹھان کی قیادت میں ضلع بھر سے آنے والی آغا اور پٹھان برادری کے افراد نے قاضیہ پل سے بدین پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور بدین پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پٹھان برادری کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا آغا سراج خان درانی کی ملک سندھ اور جمہوریت کے لیے خدمات قابل قدر ہیں جہوریت کے لیے ان کی طویل جدوجہد بھی تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا سندھ بھر کے عوام اور پٹھان برادری آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا آغا سراج درانی کو وفاقی حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔اس موقع پر شرکاء نے نیب اور وفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے آغا سراج درانی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔