رسول کے مشن کو آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے، محمد حسین محنتی

87

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کی جانب سے یوسی مبارک پور میں اجتماع ارکان منعقد کیا گیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی امیر جماعت اسلامی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ایک بڑے مقصد کے لیے بنائی گئی ہے، تاکہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کو اٹھایا جاسکے۔ اس لیے ہمارے اوپر اب یہ بھاری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا کے سامنے دین اسلام کا پیغام پہنچائیں اور یہ کام آپس میں لڑنے جھگڑنے سے نہیں ہوگا بلکہ متحد اور منظم ہو کر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے علم اور عمل کو چھوڑا تو یورپ نے علم اور ہنر کو پکڑا، صنعتی انقلاب برپا کیا، خوشحالی کو لائے اور اسی سے انہوں نے دنیا پر قبضہ جما لیا اور خصوصاً مسلمانوں سے قرآن کے احکامات کو پس پشت ڈلوا کر ان کے تعلیمی ، عدالتی، پارلیمانی نظام پر اپنا تسلط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی سب کچھ سید ابوالاعلیٰ مودودی نے محسوس کرتے ہوئے انہی دشمنانِ اسلام کے سامنے جماعت اسلامی قائم کی اور اسی مقصد کے لیے جماعت کے کارکنان نے سرکاری نوکریوں کو چھوڑ دیا، جان اور مال سے بے شمار قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بھی جماعت اسلامی کی دعوت جو در اصل دین کی دعوت ہیے اپنے اندر تعلق باللہ، حلال رزق، عوام سے اللہ خاطر رابطہ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے کر اسلامی انقلاب برپا کریں۔انہوں نے کہا کہ اسی دعوت کا رفلیکشن ہمیں ضرور مارچ میں متوقع بلدیاتی الیکشن میں نظر آئے گا۔