سیسی میں جعلی گورننگ باڈی ختم کی جائے‘ خالد خان

219

نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے تحت سیسی کے ہیڈآفس میں گورننگ باڈی کے اجلاس کے موقع پر جعلی گورننگ باڈی ،کرپشن ، غیر قانونی بھرتیوںاورسوشل سیکورٹی کے اسپتال میں جعلی دوائیوں کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔گورننگ باڈی کی صدارت صوبائی وزیر محنت سعید غنی کی صدارت میں ہوا۔ جس کا مزدوروں نے گھیرائوکیااجلاس کے اختتام پر سعید غنی کیخلاف کرپشن اورجعلی گورننگ باڈی کے خلاف بھرپورنعرے لگائے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کہاہے کہ ہم سندھ سوشل سیکورٹی میںکرپشن
اورجعلی گورننگ باڈی کے خلاف آوازبلند کرتے رہیں گے۔ محنت کشوں کے پیسے کو سیاسی مقاصد اورکرپشن کے نظرکیا جار ہا ہے مزدورکے بچے ان اسپتالوں میں دم توڑ رہے ہیں۔ گورننگ باڈی میں حقیقی مزدور نمائندوں کے بجائے این جی اوز اورایسے لوگوں کو نمائندگی دی جارہی ہے جن کا مزدوروںسے دوردورتک تعلق نہیںاوریہی لوگ سب سے زیادہ کرپشن اورادارے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری قاسم جمال، سینئر نائب صدر صغیر انصاری، نائب صدرمحمد سلیم، خالق عثمانی، جوائنٹ سیکرٹری امیر روان، خواجہ مبشر، خادم حسین اور دیگر یونینز رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج یہ احتجاجی مظاہرہ آخری مظاہرہ نہیں بلکہ اب اس سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔ان چہروںکو بے نقاب کیاجائے گا۔ جو مزدوروں کے نام پر مزدورکو لوٹ رہے ہیں ان افسروں اور جعلی مزدور نمائندوں کی کرپشن کے خلاف ہم عدالت کے دروازے تک جائے گے ۔محنت کشوں کے پیسوں کو جس بے دردی سے لو ٹا جا رہا ہے۔ اس کے خلاف کراچی کے محنت کشوں کو ایک ہونا پڑے گا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے اعلان کیا اب یہ احتجاجی مظاہرہ وزیراعلیٰ ہائوس پرہوگا ۔