نیشنل لیبر فیڈریشن سے ملحقہ بلدیہ لاہور میں یونین کی زبردست کامیابی

302

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے بلدیہ عظمیٰ لاہور میں نیشنل لیبر فیڈریشن سے ملحقہ ایمپلائیز خدمت یونین کی کامیابی پر گل نواز خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن سے ملحقہ یونین بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے اور پول کیے گئے ووٹوں کا نوے فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اس موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کی تاریخ میں یہ پہلا ریفرنڈم ہے اور ہم نے جدوجہد کر کے بلدیہ عظمیٰ کے ورکرز کو جمہوری حق دلایا ہے اور اس میں گل نواز خان نے لازوال جدوجہد کی ہے جبکہ ہارنے والوں نے اس کے راستے میں روکاوٹیں پیدا کیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ یونین میں مافیا کے قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ہم مزدوروں کی حالت بدلنا چاہتے ہیں اور مزدور جنہوں نے بڑے شعور اور ادراک کے ساتھ یہ فیصلہ کرے، ایک اچھی قیادت کا انتخاب کیا اور این ایل ایف پر بھروسہ کیا ہے۔
اس وقت مزدور سب سے زیادہ نظر انداز طبقہ ہے اس کو اس کے حقوق نہیں دیے جاتے، کم سے کم اجرت نہیں دی جاتی۔ جو اوقات کار ہیں 8 گھنٹے سے زیادہ کام لیا جاتا ہے اور کام کے دوران ضروری حفاظتی آلات مہیا نہ کیے جانے کی وجہ سے مزدوروں کا جانی نقصان بھی ہوتا ہے۔ صحت اور معذوری کا بھی انہیں مقابلہ کرنا پڑتا ہے اور مسلسل ٹریڈ یونین تحریک کو ختم کیا جا رہا ہے۔مزدور متحد ہو کر ان جاگیر داروں ، سرمایہ داروں اور افسر شاہی سے بغاوت کریں اور صرف محمدؐ کی لیڈر شپ کو قبول کریں ان کے علاوہ ہر لیڈر شپ کو مسترد کر دیں اور وہ جو کہ محمد ؐکے غلام ہیں ان کے ساتھ کھڑے ہو جائیں اور رسولؐ کے غلاموں کی یہ نشانی ہے کہ وہ سچ بولتے ہیں ، وہ امانت دار ہوتے ہیں وہ دیانتدار ہوتے ہیں وہ جھوٹے ،مکار فریبی اور بددیانت نہیں ہو سکتے اس لیئے ان لوگوں کا ساتھ دیں۔ اس تقریب سے نومنتخب صدر گل نواز خان سواتی ،جنرل سیکرٹری محمد احمد این ایل ایف لا ہور کے صدر ملک عدنان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔