فہیم مغل کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے، ای ڈی اے

451

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نجی اخبار کے کمپیوٹر آپریٹر( خودکشی کرنیوالے)مرحوم فہیم مغل کے اہل خانہ کو بے یار ومددگار نہیں چھوڑینگے ، حکومت اور صحافی تنظیمیں فہیم مغل کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار ایڈیٹوریل ڈیزائنر ایسوسی ایشن (ای ڈی اے ) کے تحت فہیم مغل کے ایصال ثواب کیلیے ان کے گھر عبداللہ ہائٹس میں محمد اسلم گجرکی زیر صدارت تعزیتی اجلاس اور مرحوم کی فیملی کیلیے فنڈریزنگ کے موقع پر عہدیداران نے کیا۔ اجلاس میں فنانس سیکرٹری محمد یونس، کوآرڈینیٹر کاشف اسلم، بخت زیب مشوانی، محمد الطاف، محمد نعمان، اصغر بونیری و دیگر ساتھیوں نے شرکت کی۔ای ڈی اے کی جانب سے مرحوم کی بیوہ اور بچوں کو 37ہزار روپے نقد فراہم کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر محمد اسلم گجر نے مزید کہا کہ مرحوم فہیم مغل کے انتقال نے ایک بار پھر ای ڈی اے کو ایک ہونے پر مجبور کردیا ہے اگر اب بھی ہم کمپیوٹرز آپریٹرز ایک نہ ہوئے تو آنے والا وقت ہمیں معاف نہیں کریگا۔میڈیا ورکرز کے مسائل میںروز بروز اضافہ ہورہاہے،متحدہوکر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری سید قیوم کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ای ڈی اے کے پلیٹ فارم سے فہیم مغل کی فیملی کیلیے جو ہوسکا وہ کیا جائے گا، سید قیوم کاظمی نے ممبران پر زور دیا کہ وہ آپسی اختلافات کو بھلا کر متحد ہوجائیں اور ای ڈی اے کو کامیاب بنائیں۔