گوادر کو بین الاقوامی مافیاز کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے، سراج الحق

496

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ گوادر کوقومی اور بین الاقوامی مافیاز کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ گوادر صوبہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا گیٹ وے ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ”حق دو گوادر کو “ عوام کی پرامن تحریک ہے، مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پورے ملک میں احتجاج کی کال دیں گے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اسلام پسند اور محب وطن لیڈر کے طور پر اس تحریک کو لیڈ کررہے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  جس تحریک میں شیر خوار بچے ، مائیں ،بہنیں اوربیٹیاں شامل ہوں اس تحریک کو کوئی نہیں دبا سکتا،روزگار کامطالبہ کرنا دہشت گردی نہیں بلکہ اپنی عوام سے محبت اور ہمدردی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  حکومت کو خبردار کرنا چاہتاہوںاگراس نے گوادر کے مسائل حل نہ کئے تو گوادر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج گوادر تک محدود نہیں رہے گا ۔

سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان ملک کے کل حصہ کا 44فیصدہے جو کہ معدنیات ، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن یہاں کے عوا م کے مقدر میں غربت وبے روزگاری ، پسماندگی حصے میں آئی ہے ۔

سراج الحق نے کہا کہ ظالم جاگیرداروں ،وڈیروں اور سرداروں نے بھی عوا م کے حقو ق غضب کردیئے ہیں،جماعت اسلامی بلوچستان کے شانہ بشانہ ہے اور ان کے حقو ق اور مسائل کے حل کی تحریک کادستہ بازو ہے ۔