“سیالکوٹ واقعہ پرسری لنکن حکومت ہمارے اقدامات کو سراہ رہی ہے”

324
باغی ارکان سے نظرثانی کی اپیل کرتے ہیں، وزیر خارجہ

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ کے حوالے سے سری لنکا کی حکومت ، پاکستان کے اقدامات کو سراہ رہی ہے اوروہ سمجھتی ہے کہ اس سے ہمارے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ واقعہ تکلیف دہ ہے اور افسوسناک ہے اوراس کا ہم تدارک کرنے کاارادہ رکھتے ہیں، یہ تکلیف دہ واقعہ ہے ، ہر معاشرے میں کچھ لوگ ہوتے ہیں جو اس قسم کی حرکتوں سے باز نہیں آتے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں اور یہ واقعہ قوم کی حمایت کا عکاس نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  چند افراد کا غیر ذمہ دارانہ اور غیرقانونی اورتشدد آمیز حرکت ہے۔اس جنونیت کا مقابلہ کرنے کے لئے صرف قانون سازی اور سخت سزائیں کافی نہیں ہیں بلکہ اس مقصد کے لئے کثیر الجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہو گی، معاشرے کے اندر ہم نے شعور بھی پیدا کرنا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ  لوگوں کو آگاہ کرنا ہے کہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کریں اور جو لوگ اس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں معاشرے میں ان کے لئے کسی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے، حکومت کے ساتھ ، ساتھ معاشرے اور سماج نے بھی اپنا کردار اداکرنا ہے۔