بھارتی فوج نے اپنے ہی شہریوں پر گولیاں برسادیں، 13 افراد ہلاک

708

کوہما: ریاست ناگا لینڈ میں بھارتی فوج نے مسافر بردار ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمال مشرقی بھارتی ریاست ناگالینڈ میں بھارتی فوج نے گزشتہ روز ایک ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے تمام افراد دیہاتی تھے اور اپنے گاؤں جا رہے تھے۔ یہ واقعہ میانمار کی سرحد کے قریب پیش آیا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے دیہاتیوں کی ہلاکتوں پر مقامی افراد میں اشتعال پھیل گیا اور لوگ احتجاج کے لیے نکل آئے، مظاہرین نے آرمی کی گاڑی کو بھی نظر آتش کردیا ہے، مظاہرین نے مودی کی ظالمانہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کے بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے پر ناگالینڈ کے ضلع مون میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے اور جگہ جگہ نفری تعینات کردی گئی اور علاقے میں تاحال کرفیو کا سما ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ علاقے میں باغیوں کی ممکنہ نقل و حرکت کی قابل اعتماد اطلاع موجود تھی، اور ان کے خلاف آپریشن جاری تھا ، تاہم واقعہ میں عام لوگوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ واقعہ کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں، جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔