اپوزیشن نے 11لاکھ افرادکوروزگار دینے کا حکومتی دعویٰ مسترد کردیا

145

اسلا م آباد(صباح نیوز) اپوزیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ حکومت3 سال میں11 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے لیے باہر بھیج چکی ہے اور مزید20 لاکھ 2سال میں بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی فہرست بھی اپنے ٹوئٹ کے ساتھ اپلوڈ کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گزشتہ3 سال میں5 لاکھ69 ہزار سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب روزگار کے لیے گئے۔ متحدہ عرب امارات میں2 لاکھ70 ہزار سے زیادہ، عمان میں61 ہزار سے زیادہ، قطر میں53 ہزار سے زیادہ اور بحرین میں 25 ہزار سے زیادہ پاکستانی روزگار کے لیے گئے۔ انہوں نے اس فہرست میں34
ممالک کا نام لکھا ہے اور یہ بھی تفصیل درج کی کہ گزشتہ3 سال میں کس برس میں کتنے پاکستانی کس ملک گئے۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ فواد چودھری کا یہ دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے۔ ان کا کہا ہے کہ فواد چودھری نے ماضی میں بھی اس طرح کے کئی دعوے کیے ہیں لیکن کوئی بھی دعویٰ درست ثابت نہیں ہوا۔