حکومت کی نااہلی کے باعث سندھ گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، ظفر صدیقی

328

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ بالخصوص وزیر بلدیات سندھ کی نااہلی اور غفلت کے باعث سندھ کے تمام شہر گندگی کے ڈھیر بن چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسڑکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی واراکین ڈسڑکٹ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں حیدر آباد سمیت سندھ بھر کے بلدیاتی ملازمین کی ہرتال کے باعث صفائی ستھرائی کے فقدان پر سندھ حکومت کو نا اہل سرکار قرار دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے
مزید کہاکہ سندھ دھرتی سے محبت کرنے والے پریشان ہیں کہ کب سندھ سے کرپٹ مافیاکا خاتمہ ہوگا 14سالوں سے سندھ پر حکمرانی کرنے والے سندھ کے باسیوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کرسکتے تو انہیں حکمرانی کا بھی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نکاسی آب کی ناقص صورتحال پر شہر کی اہم شاہرائیں کسی تالاب و جھیل کا منظر پیش کررہی ہیں اور وزیر بلدیات و دیگر حکام بالا چین کی بانسری بجارہے ہیں جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔