اسمگلنگ ملک کو ناقابل فہم نقصان پہنچا رہی ہے،صادق اللہ خان

271

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ملک کو اسمگل شدہ اشیاء اور اسمگلرز سے پاک کرنے کے لیے کسٹم افسران و ملازمین کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کلکٹر آف کسٹم ڈاکٹر صادق اللہ خان نے کسٹم کے زیر تربیت افسران کی حیدرآباد آمد کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں عاصم رحمان ایڈیشنل کلکٹر، عرفان علی منگی اسسٹنٹ کلکٹر، امجد لعل جونیجو اسسٹنٹ کلکٹر، اقبال منگریو سپرنٹنڈنٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ کلکٹر کسٹم ڈاکٹر صادق اللہ خان اور دیگر افسران نے زیر تربیت افسران کو ملکی اور صوبائی سرحدوں کی حدود بندی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے اسمگل شدہ اشیاء خاص کر منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے جس پر ہم کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے، ملک دشمن عناصر مختلف سرحدی حدود سے نارکوٹکس اور دیگر اشیاء اسمگل کرکے ہمارے ملک کو ناقابل فہم نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کسٹم سمیت دیگر ادارے اپنی صلاحیتوں کی بدولت ایسے عناصر کا خاتمہ کر کے ہمارے ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں۔