کندھکوٹ، خسرہ سے 3 بچے جان کی بازی ہار گئے

77

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)گائوں جام دہنی بخش چاچڑ میں خسرہ کے باعث 3 پھول جان کی بازی ہار گئے جس میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ ایک ماہ کے دوران کندھکوٹ، غوثپور، تنگوانی اور دیگر علاقوں میں 30 سے زائد بچے جان سے چلے گئے، لیکن خسرہ مہم کی گھر گھر ٹیم جانے والی باتیں صرف باتوں میں رہ گئی ہیں۔ جس کے باعث موذی مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے ۔محکمہ صحت خاموش تماشائی کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود خسرہ روبیلا پر کنٹرول نا کراسکا۔ متاثرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گائوں میں ٹیم نہیں پہنچی، البتہ قریبی گائوں کے ایک وڈیرے کی اوطاق پر ٹیم پہنچی جہاں ہم بچوں کو ویکسین لگوانے کے لیے گئے تو معلوم ہوا کہ ٹیم ابھی واپس گئی ہے۔ لیکن ہمارے گھروں تک ٹیم نہیں پہنچی ہے جسکے باعث بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام اور ڈی سی کشمور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ اور ٹیم فوری گائوں بھیجنے کی اپیل کی ہے۔