دھابیجی پمپمگ اسٹیشن کا لنک روڈ ملازمین کیلیے خوف کی علامت بن گئی

98

دھابیجی(نمائندہ جسارت)گزشتہ رات شادی کی تقریب سے گھر واپس جانے والے پیپلزلیبر یونین واٹربورڈ آؤٹ اسٹیشن کے رہنما اصغر خان، جعفر پاشا اور ان کا بیٹا اور واٹر بورڈ CBA کے رہنما بدرالاسلام کو 11بجے پمپنگ اسٹیشن کے لنک روڈ پر چھوٹی پلیا کے قریب کھڑے 2 نقاب پوش ملزمان نے رکنے کا اشارہ کیا۔ گاڑی نہ روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3گولیاں لگنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا، لیکن معجزانہ طور پر گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا لنک روڈ ملازمین کے لیے خوف کی علامت بن گیا۔ یادرہے کہ مذکورہ لنک روڈ پر گزشتہ کئی روز سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے ملازمین سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے جس پر واٹر بورڈ کی مقامی انتظامیہ سمیت پولیس کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔گزشتہ رات ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملازمین میں سخت خوف وہراس پایا جارہا ہے۔ پیپلز لیبریونین آؤٹ اسٹیشن چیئرمین معشوق حسین لغاری، یونائیٹڈ ورکرز یونین آؤٹ اسٹیشن چیئرمین یاسر عرفات،رستم خان کاتیار، اشرف خان خٹک، راجا محمود سمیت دیگر نے گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واٹربورڈ کی مقامی انتظامیہ سمیت ایم ڈی واٹربورڈ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ لنک روڈ پر لوٹ مار کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ دوسری جانب باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حفاظتی انتظامات نہ کیے جانے تک واٹربورڈ ملازمین نے رات کی ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا ہیجس کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی میں خلل پڑنے کا بھی شدید خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔