شہروں کے ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی طویل عرصے کیلیے کی جائے،عذرا فضل پیچوہو

364

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ شہروں کے ماسٹر پلان ،آبادی میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لمبے عرصے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے، تا کہ مستقبل میں آبادی کی ضروریات کے مطابق تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، گندے پانی کی نکاسی سمیت دیگر شہری سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ حکومت کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ کی جانب سے اربن پالیسی اینڈ اسٹرٹیجکپلاننگ کے تحت نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور سانگھڑ شہروں کے 2037 تک ماسٹر پلان کی تیاری کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس شہید بینظیرآباد کے دربار ہال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ شہروں کے ماسٹر پلان کی حتمی تیاری سے قبل موجودہ میسر شہری سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے شہروں کے مکمل سروے کے لیے پائیدار منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کو ماحول دوست بنانے کے لیے اربن فاریسٹ اور شمسی توانائی کے حصول کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں اور کھیلوں کے میدانوں کی سہولیات پر بھی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ صوبائی وزیر نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ تینوں شہروں کے اسٹیک ہولڈرز اور عام شہریوں سے بھی ماسٹر پلان کے لیے تجاویز حاصل کرنے کے لیے متعلقہ شہروں میں سیمینار منعقد کیے جائیں۔ اس موقع پر تینوں شہروں کے ماسٹر پلان کے متعلق سیمینار سے آگہی دیتے ہوئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل اربن ڈائریکٹوریٹ محمد علی کھوسو نے بتایا کہ گلوبل سروے کے مطابق 2050 ء تک دنیا کی 60 فیصد آبادی شہروں میں رہائش پذیر ہوگی، دنیا میں 80 فیصد معاشی سرگرمیوں میں شہر وں کا حصہ ہے اور شہروں کو معاشی حب تصور کیا جاتا ہے اس لیے سندھ حکومت کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی جانب سے پیشہ وارانہ کنسلٹنٹس کے ذریعے سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، نوشہروفیروز، میرپورخاص اور سانگھڑ سمیت 17 بڑے شہروں کی پائیدار ترقی اور عوامی سہولیات کے لیے ماسٹر پلان تشکیل دیا جارہا ہے جن میں سکھر اور لاڑکانہ کے ماسٹر پلان لوکل گورنمنٹ اور ہاؤسنگ وٹاؤن پلاننگ سے نویٹفائی ہوچکے ہیں، جبکہ خیرپور ، گھوٹکی ، شکارپور اور میر پور ماتھیلو سمیت دیگر 12 اہم شہروں کے ماسٹر پلان اے ڈی پی اسکیم کے تحت بنائے جارہے ہیں ۔ سیمینار میں کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویڑن سید محسن علی شاہ ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور اور ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم نے محکمہ پلاننگ اور ڈیولپمنٹ کی جانب سے نواب شاہ، نوشہروفیروز اور سانگھڑ شہروں کے ماسٹر پلان کی تیاری شروع کرنے کے عمل کو سراہا اور اپنی تجاویز دیں ۔