تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے، غوث بغدادی

111

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوریٰ کے رکن اور امیر سندھ غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان صرف ایک تحریک ہی نہیں ہے بلکہ عزیمت کی راہ ہے اور اس راہ پر جو چلے گا اللہ اور رسول کی حمایت ان شاء اللہ اس کے ساتھ ہو جائے گی۔ یہ بات انہوں نے حیدرآباد میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے مختلف مقامات پر لگائے 10 سے زائد ممبر سازی کیمپوں کے دورے کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان رسول اللہ کے سچے اور مخلص وفاداروں کی تحریک ہے عوام اس سے جڑتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بے روزگاری افراتفری بد امنی وغیرہ جیسے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام میں ہے جب دین تخت پر آجائے گا تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان آنے والے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ۔ ان شا اللہ اب وہ دن دور نہیں جب ہر ایوان میں لبیک یا رسول اللہ گونجے گا۔ دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰقادری بھی تھے۔علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں ممبر سازی کیمپس لگائے گئے جہاں سینکڑوں افرد نے تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔