بلدیاتی اداروں میں کرپشن کی انکوائری کرائی جائے ،بشیر نواب

132

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)میونسپل کارپوریشن ورکرز یونین کی جانب سے ملازمین نے مستقل نہ کیے جانے اور دیگر مطالبات منوانے کے لیے یونین رہنماؤں بشیر نواب، اکبر عنایت مسیح ، کاشف بھٹی، ولایت بشیراور جارج رحمت سمیت دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے تیسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ حیدر آباد سمیت سندھ کے تمام عارضی ملازمین کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عارضی ملازمین کو کام کرتے ہوئے 15 سے20 سال ہو چکے ہیں لیکن ملازمین کو نوکریوں پر مستقل نہیں کیا جا رہا ہے جو ملازم دشمن پالیسی ہے اور ہم اس پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ ،وزیر بلدیات اور چیف سیکرٹری سندھ سے اپیل کی کہ کراچی سے کشمور تک تمام عارضی ملازمین کو فوری مستقل کر کے تمام مراعات دی جائیں اور بلدیاتی اداروں میں ہونے والی کرپشن کی انکوائری کرائی جائے دوسری صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔