خصوصی بچوں کو احساس محرومی سے بچایا جائے، ڈاکٹر فخر

81

کوٹری (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جامشورو کی جانب سے اسپیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ میں معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع کے اسسٹنٹ سیکرٹری اعجاز احمد شیخ، شعبہ صحت کے انچارج ڈاکٹر فخر الدین، نائب صدر محمد فیاض بھٹی ایڈوکیٹ اور ایم ایس تعلقہ اسپتال کوٹری ڈاکٹر برکت علی لغاری نے خصوصی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جامشورو کے شعبہ صحت کے انچارج ڈاکٹر فخرالدین نے معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے کہاکہ خصوصی بچے توجہ کے طالب ہیں شفقت اور محبت سے ان بچوں کے ساتھ معاشرے میں وقت گزارا جائے اور انہیں کسی قسم کی احساس محرومی سے بچایا جائے۔ بعد ازاں تقریب میں خصوصی بچوں نے قومی ترانے ،ٹیبلو پیش کیے اور وہاں موجود افراد نے ان کی کارکردگی کوبہت پسند کیا جس کے بعد ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا ۔