اسپیشل بچوں کے ساتھ بیٹھک کا مقصد مسائل ایوان تک پہنچانا ہے،غفرانہ آرائیں

127

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر سوشل ویلفیئر آفس میں معذوروں اور اساتذہ کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر غفرانہ آرائیں نے کہاکہ ایچ آر سی پی ملک میں تمام مظلوم اور پڑھے لکھے طبقے کی ترجمان ہے آج اسپیشل بچوں کے ساتھ بیٹھک کا مقصد ان کے مسائل معلوم کرنا ہے تاکہ ان کے مسائل کو ایوان بالا تک پہنچایا جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ ایچ آر سی پی اس سال معذور افراد کی نمائندگی اور شمولیت کے ساتھ منارہی ہے اس موقع پر اسپیشل ایجوکیشن حیدرآباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر منیر بھٹی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کچھ عرصے سے وقت پر بجٹ جاری کرنے کے باعث اسکول معاملات بہتر انداز میں چل رہے ہیں پر اس کے باوجود اسٹاف اور گاڑیوں کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسکول میں ایک 16 سیٹر وین ہے جس میں 46اسپیشل بچے سوار کرکے کام چلایاجارہاہے اسکول میں مزید ایک وین کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ وین ڈرائیورکافی عرصے پہلے ریٹائرڈ ہوچکا ہے جس کے باعث ایک نجی ڈرائیور سے کام لیاجارہاہے،اسکول کی عمارت بھی زبوں حالی کا شکار ہے، چھت کا پلاستر گرنے کے واقعات معمول ہیں جس کے باعث کوئی بڑا حادثہ ہوسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کو ایک وقت کا کھانے دینے کے لیے بھی سالانہ 4 لاکھ روپے کا بجٹ دیا جاتا ہے جس میں سے 5 فیصد ٹریژری آفس سمیت 31 فیصد رقم کٹ جاتی ہے ہمیں صرف69فیصد بجٹ دیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بیت المال کے افسران نے اسکول کا دورہ کیا۔ انہوںنے معذور بچوں کے لیے ویل چیئر دینے کی یقین دہانی کرائی لیکن اس کے بعد وہ واپس نہیں آئے۔