حکومت نے معذوروں کو حقوق دینے میں کچھ نہیں کیا،عبدالحفیظ بجارانی

210

جیکب آباد( نمائندہ جسارت) الحسنین ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے معذورںکے عالمی دن کے حوالے سے ٹھل شہر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے مولانا عبدالحفیظ بجارانی صوبائی رہنما جماعت اسلامی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ بلاشبہ معذور افراد کا حق عام صحتمند افراد سے زیادہ ہے لیکن افسوس ہے کہ حکومت وقت نے ماضی کی حکومتوں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے معذوروں کو اپنے حقوق دینے میں فقط زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ الحسنین ویلفیئر فاؤنڈیشن نے معذور افراد کی مدد کر کے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے ۔اس موقع پر تقریب میں موجود سیکڑوں معذور افراد ، بیواؤں، نادار اور مستحق افراد میں کھانے کے پیکٹ، رضایاں، گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کیے گئے۔قبل ازیں تقریب میں ویلفیئر کے صدر ماجد چنا، جنرل سیکرٹری ذکیہ ابڑو، اشتیاق سومرو ،محمد حسن برڑو، خالدہ شیخ ، شکیلہ سومرو، امداداللہ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد موجود تھے۔ چیئرمین الحسنین ویلفیئر رکن جماعت اسلامی جاگن خان برڑو نے کہا کہ ویلفیئر کے قیام کا مقصد اس طرح کے مواقع پر مستحق افراد کی بغیر کسی دنیاوی فائدے کے خدمت کرکے حصول رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ اسی سلسلے میں ہم اپنے کام کو توسیع دے کر بہت جلد دیگر شہروں میں پہنچیں گے۔