صوبے میں ہائی ویلیو ایگریکلچر کیلیے اقدامات کر ر ہے ہیں،وزیر زراعت

201

لاہور (نمائندہ جسارت) حکومت صوبے میں ہائی ویلیو ایگریکلچر کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ کنو کی پیداوار ملک بالخصوص صوبہ پنجاب کی پہچان ہے جس میں اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔صوبہ میں ہائی ویلیو ایگری کلچر کے فروغ کے لیے متعدداقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا میں قومی سٹرس سیمینارو نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب کی کل آبادی کا 45فیصد جبکہ دیہی علاقوں کے 65فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے ۔صوبہ پنجاب میں 4 لاکھ ایکڑ رقبہ سے زائد پر ترشاوہ پھل کے باغات لگائے گئے ہیں جس سے سالانہ قریباً 21 لاکھ ٹن سے زائد کی پیداوار حاصل ہوتی ہے ۔ہمارے ملک کے ترشاوہ پھلوں کی ڈیمانڈ پوری دنیا میں ہے ۔ہمارا ملک سٹرس کی ایکسپورٹ کے اعتبار سے ساتواں جبکہ پیداوارکے اعتبار سے دنیا میں تیرہواں بڑا ملک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سٹرس کی 95فیصد پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتی ہے ۔ہمارے ملک کوسٹرس کی برآمد سے ہر سال قریباً180 ملین ڈالر سے زائد کی آمدن حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹرس کی پیداوار میں اضافہ کی گنجائش موجود ہے اور اس مقصد کیلئے جاری ریسرچ کیلئے حکومت فیاضانہ طور پر وسائل فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال پاکستان سے کنو کی ایکسپورٹ 03لاکھ95ہزار میٹرک ٹن سے زائد ہوئی جو کل پیداوار کا 17.37فیصد ہے۔رواں برس 22لاکھ 76ہزارمیٹرک ٹن سے زائد پیداوار متوقع ہے۔ موجودہ حکومت کے کسان دوست اقدامات کے نتیجہ میں زراعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور ریسرچ کو فروغ حاصل ہورہا ہے اور زرعی پیداوار کے معیار میں بہتری اورمقامی و عالمی منڈیوں میںہماری زرعی اجناس کی مانگ میں اضافہ جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے اور مستقل بنیاد پر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ بھی ممکن ہو رہا ہے ۔