ادارے بنا کر معذوروں کو حقوق نہیں دیے جاتے، ریاض میمن

159

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) معذوروں کے عالمی دن پر سندھ اسپیشل ایجوکیشن سمیت ڈیف اور بلائنڈ ایسوسی ایشن کی جانب سے الگ الگ تقاریب منعقد کی گئیں، جس میں معذوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے زور دیا گیا، دنیا بھر کی طرح لاڑکانہ میں بھی معذوروں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔بلائنڈ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ریاض میمن کا کہنا تھا کہ ادارے تو بنا دیے جاتے ہیں لیکن معذوروں کو ان کے حقوق نہیں دیے جاتے، جو المیہ ہے۔تقریب میں خصوصی افراد، ضلعی افسران سمیت سول سوسائٹی نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں خصوصی افراد نے اپنی خداداد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلوکاری، ٹیبلوز اور معاشرے میں درپیش مسائل کو تقاریر کے ذریعے اُجاگر کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے کی ستم ظریفی اور حکام کی بے حسی نے ان معذور افراد کی زندگی گزارنے میں مشکلات کم نہیں کیں، آج بھی 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد ایک خواب ہے لیکن ان کے اپنے حوصلے اور لگن سے انہوں نے معاشرے کے مختلف شعبہ جات میں خود کو منوایا ہے۔ خصوصی افراد ڈیف ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پنھل خان سانگی کا کہنا تھا کہ ہم نے 2008 میں بھارت کو حیدرآباد میں ہوئے کرکٹ میں میچ شکست سے دوچار کیا، اب 7 دسمبر کو کراچی میں کرکٹ ٹورنامنٹ ہے، لیکن ہمارے پاس جانے کا کرایہ تک نہیں۔