لوگوں کی خدمت میں عظمت ہے، سلامت علی میمن

232

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ہلال احمر سلامت علی میمن نے کہا ہے کہ خدمت میں عظمت ہے ،آپ بغیر لالچ لوگوں کے کام آتے رہیں، معاشرہ میں آپ کا مقام خود بہ خود بڑھتاچلا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ہلال احمر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سید رضی محمد، سیکرٹری اظہر عباس اور دیگر ممبران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 24 اور 25 دسمبر کو ہلال احمر کی جانب ہلال احمر ہاوس نیو ٹائون میں آنکھوں کا مفت فیکولیزر آپریشن کیمپ لگایا جائے گا، جس کا افتتاح کمشنر میرپورخاص سید اعجاز علی شاہ ،ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار علی مہر کریں گے جبکہ اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سلامت علی میمن ،ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ اسد چودھری مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر سلامت میمن نے کہا کہ میٹنگ ہر 3 ماہ میں کی جائے تاکہ لوگوں کی خدمت کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ اجلاس میںہلال احمر کے اخراجات، آمدنی، شاپنگ سینٹرز کے کرائے، بلڈنگ کی مرمت، پی آر سی منصوبہ، اسٹاف کی تنخواہ سمیت دیگر مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سلامت میمن نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز سے بات چیت کر کے ہلال احمر اسپتال کے لیے پلاٹ لیا جائے گا۔اجلاس میں اسٹاف کی تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہلال احمر کی جانب سے عوام کی دیگر خدمات کے ساتھ ناک، کان، حلق کے آپریشن اور تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے خون کے عطیہ کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے تا کہ مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دیا جا سکے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہلال احمر کی جانب سے کرائے پر دیے گئے دکانوں کا کرایہ اور ان کی ٹرانسفر کی فیس بہت کم ہے اسے بھی بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں،تاکہ ادارے کو معاشی طور پر مضبوط کر کے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کیا جا سکے۔