سینئر کھلاڑی جونیئرز کیلیے رول ماڈل ہیں ، خالد سجاد کھوکھر

243

لاہور (جسارت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈکواٹرزمیں عالمی ہاکی کپ 1994 کی فتح کے دن کے حوالہ سے پروقار تقریب کا انعقاد، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر سمیت چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر اور 1994 عالمی ہاکی چمپین ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت، سینئر کھلاڑی آنے والے جونیئر کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل ہیں ، صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھرکا تقریب سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈ کواٹرز لاہور میں چار دسمبر 1994 عالمی ہاکی کپ میں پاکستان کی یادگار فتح کے حوالہ سے ایک پروقار تقریب کا انعاد ہوا جس میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف و عالمی ہاکی چمپین 1994 ٹیم کے کھلاڑی و پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین آصف باجوہ، اولمپین احمد عالم، اولمپین خواجہ جنید نے شرکت کی۔ چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر بھی خصوصی طور پر اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اس پروقار تقریب میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر نے دنیائے ہاکی میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور انکو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔صدر پی ایچ ایف نے اس موقع پر خصوصی طور پر اولمپین منصور احمد جو کہ عالمی ہاکی کپ کے ہیرو قرار پائے تھے انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر دنیائے ہاکی میں سب سے زیادہ میڈلز کے حامل کھلاڑیوں میں شمار چیئر مین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین منظور جونیئر نے اس تاریخی دن کو پاکستان کی فتح کے حوالہ سے خصوصی خراج پیش کیا۔ تقریب میں اولمپین منصور احمد مرحوم، اولمپین نوید عالم مرحوم سمیت دیگر کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔یاد رہے کہ1994 میں 23 نومبر تا 4 دسمبرآسٹریلیا کے شہر سڈنی میں عالمی ہاکی کپ کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے ہالینڈ کو پینلٹی سٹروکس کی بنیاد پر ایک سنسنی خیز مقابلہ میں 3-4 گول سے شکست دیکر عالمی ہاکی چمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔