پاک سری لنکا تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ، شاہ محمود قریشی

367

 

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا سے ہمارے سفارتی تعلقات خراب نہیں ہوئے اور سری لنکا نے پاکستانی موقف اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے، پاکستان 19 دسمبر کو او آئی سی کے خصوصی سیشن کی میزبانی کرے گا، بنیادی توجہ افغانستان ہوگا، افغانستان کو تسلیم کرنے کے معاملے کی ابھی نوبت نہیں آئی، دنیا ہمارے
رویے اور قول و فعل کو بڑے غور سے دیکھ رہی ہے، بھارت نے 15اگست کے بعد نظریہ پاکستان پر پابندی عاید کر نے کی بھر پور مہم چلائی ،ہم نے سفارتی محاذ پر نئی دہلی کی مہم کو شکست دی۔گورنر ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سیالکوٹ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، حکومت نے واقعے میں متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا ہے، متاثرہ خاندان جیسے چاہے گا ویسے ہی آگے بڑھیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکا کے ہم منصب سے رابطہ ہوا ہے، سری لنکا سے ہمارے سفارتی تعلقات خراب نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے پر سب کو دکھ ہوا ہے، واقعے کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم خود اس کی نگرانی کررہے ہیں۔