ڈھاکا ٹیسٹ: دوسرے روز صرف 6.2 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا

154

ڈھاکا: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھی بارش کے باعث صرف 6 اعشاریہ 2 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا کہ شہر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرا میچ میں دوسرے روز بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم ابھی صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا، کافی دیر انتظار کے بعد بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنالیے ہیں جب کہ اس وقت وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔ اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 34 ویں نصف سنچری مکمل کی اور وہ 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ بابر اعظم نے بھی 71 رنز بنا لیے ہیں۔

خیال رہے کہ میچ کے پہلے روز بھی خراب روشنی کے باعث صرف 57 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا جبکہ دوسرے روز بھی خراب روشنی کے باعث کھیل کا آغاز کھانے کے وقفے کے بعد ہوا۔