الخدمت فاونڈ یشن کراچی کے تحت مزید 200یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکر یننگ کا دوسرا مرحلہ مکمل

316

الخدمت فاونڈیشن کراچی کے’’ آرفن کیئر پروگرام‘‘ کے تحت رجسٹرڈ باہمت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کا دوسرامرحلہ مکمل ہو گیا۔

دوسرے مرحلے میں مزید 200بچوں کی ہیلتھ اسکر یننگ کی گئی۔ ہیلتھ اسکریننگ کیلئے الخدمت کے ناظم آباد، اور نگی ٹاؤن، ملیر ،نارتھ کراچی میں الہدیٰ، بہار کالونی لیاری میں واقع اسپتالوں خصوصی کیمپس کا اہتمام کیا گیا، جہاں دانت، آنکھ ،ای این ٹی ڈاکٹروں اور جنر ل فزیشنز نے بچوں کا مکمل معائنہ کیا۔ کیمپس میں بچوں کی مائیں،سرپرست اور الخدمت کے ذمہ داران موجود تھے۔

ڈاکٹروںنے بچوں کو اچھی صحت، امراض سے بچنے، دانتوں اور آنکھوں کی حفاظت سے متعلق بھی  مفید باتیں بتائیں، متعدد بچوں کے ٹیسٹ بھی کروائے گئے، جبکہ وہ بچے جنہیں صحت سے متعلق بڑے مسائل کا سامنا ہے، ان کا علاج الخدمت کے تحت مفت کروانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ بچوں کو ڈاکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ دوائیں بھی فراہم کی گئیں۔ ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کاملانی نے اورنگی الخدمت اسپتال میں قائم کیمپ کا دورہ کیا، وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔ بچوں اور ان کے سرپرستوں سے بھی ملاقات کی۔

بچوں کی ماؤں اور سرپرستوں نے اسکریننگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فاروق کاملانی نے کہاکہ الخدمت کے تحت1200بچوں کی ان کے گھروں پرکفالت کی جارہے۔ ان باہمت بچوں کفالت کے ساتھ ان کی صحت کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ کفالت یتامیٰ الخدمت کا ایک منفرد پروگرام ہے۔ اس میں رجسٹرڈ بچے نہایت باہمت ہیں۔ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے تو یہ ملک کا بڑا سرمایہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ الخدمت ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور ان کی تعلیم وتربیت کیلئے کوشاں ہے۔

فاروق کاملانی نے کامیاب ہیلتھ اسکریننگ پر الخدمت کے تمام اسپتالوں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور الخدمت کے ذمہ داران کو مبار کباد پیش کی، جنہوں نے بڑی محنت سے اسیکریننگ کے دونوں مرحلوں کو مکمل کیا اور توقع ظاہر کی کہ تیسرے مرحلے کو بھی اسی محنت سے مکمل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ الخدمت  اب تک دو مرحلوں میں 950بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کر چکی ہے ،جبکہ باقی ماندہ 250بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ جلد کی جا ئے گی ۔