سندھ کی خوشحالی امن اور اسلامی اقدار کی حفاظت کریں گے، محمد حسین محنتی

470
محمد حسین محنتی کا سندھ میں طلبہ یونین کی بحالی کا خیر مقدم 

جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ باب الاسلام ہے۔ مہمان نوازی، دین داری اوراسلامی شعائر سے محبت وعقیدت سندھ کی ثقافت کی پہچان ہے۔

اسلام و پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔ قیام پاکستان کی قرارداد منظور کرنے کا اعزاز بھی سندھ اسمبلی کو حاصل ہے۔ سندھی ثقافتی دن پر جاری اپنے پیغام میں صوبائی امیر نے کہاکہ سندھ شاہ عبداللطیف بھٹائی سمیت  اولیائے اللہ کی پیار و محبت اور امن کی سرزمین ہے۔ کراچی تا کشمور سندھ میں ہر زبان والے لوگ رہتے ہیں۔

سندھ کے سرتاج شاعر نے بھی اپنی شاعری کے ذریعے لوگوں کو تعلق بااللہ، دین سے جڑنے، عشق مصطفیٰ اور پورے عالم کے لیے امن و سلامتی کی اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے۔ سندھ کی ثقافت ٹوپی اور اجرک بھی اسلامی ثقافت کی اہم نشانی ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیاکہ سندھی ثقافتی  دن کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا جائے کہ سندھ کی خوشحالی اسلامی اقدار کی حفاظت، نفرتوں کے خاتمے اور شاہ بھٹائی کی سرزمین سندھ کو امن محبت اور بھائی چارہ کا مرکز بنائیں گے۔