ڈھاکا ٹیسٹ‘ پہلے روز پاکستان کے دو وکٹوں پر 161 رنز 

425

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز دو وکٹوں کے نقصان پر 161رنز بنا لئے جبکہ بارش کے باعث 57اوورز کا کھیل ممکن ہوا۔

ڈھاکا میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستانی اوپنرز نے دوسرے میچ میں بھی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 59رنز کی شراکت قائم کی۔عابد علی اور عبداللہ شفیق نے پاکستان کی جانب سے اچھا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 59رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کے اسپنر تیج الاسلام نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی اور 25رنز پر کھیلنے والے عبداللہ شفیق کی وکٹیں اڑا دیں۔عابد علی اور اظہر علی کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کا اسکور 70رنز تک پہنچا۔پاکستان کو پہلی اننگز میں دوسرا نقصان عابد علی کی صورت میں اٹھانا پڑا،

تجربہ کار اوپنر 39رنز بنا کر تیج الاسلام کا نشانہ بنے۔اوپنر کے پویلین لوٹنے کے بعد کپتان بابراعظم بیٹنگ کے لیے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔بابراعظم نے اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔بارش کے باعث پہلے دن صرف 57اوورز کا کھیل ممکن ہوا اور چائے کے وقفے کے بعد خراب روشنی کے باعث کھیل کا دوبارہ آغاز نہیں ہوسکا تاہم اتوار کو مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے کھیل کا آغاز ہوگا۔

دوسرے دن جب کھیل کا اختتام کیا گیا تو پاکستان نے دو وکٹوں پر 161رنز بنالیے تھے۔بابراعظم 60اور اظہرعلی 36 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔بنگلہ دیش کے تیج الاسلام نے پہلے دن دو وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ میزبان ٹیم نے تین تبدیلیاں کی ہیں اور آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کو دو میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے۔