بلدیاتی ترمیمی بل ،اختیارات پر قبضے کی سازش ہے، پی ایس پی

408
 حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے وائس چیئرمین حفیظ الدین پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پی ایس پی کے مرکزی وائس چیئرمین اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سید حفیظ الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ پیپلز پارٹی سندھ پر مسلسل 13 سال سے مسلط ہے، متنازع بلدیاتی ترمیمی بل میں تمام اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں اس بل کے خلاف پورے صوبے میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے ،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، جے یو آئی رہنمائوں، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف،ق لیگ کے رہنما پرویز الٰہی سمیت دیگر جماعتوںسے رابطے میں ہیں عوامی سطح پر اپنے ایجنڈے کے بارے میں سب کو آگاہ کر رہے ہیں وہ پاکستان ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پرڈویژنل صدر ندیم قاضی، اراکین سندھ کونسل اللہ دین قائم خانی،علی بروہی ودیگربھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ شہری علاقوں سے پیپلز پارٹی کا رویہ سب کے سامنے ہے کراچی دودھ دینے والی گائے ہے اسے پیپلز پارٹی کاٹنا اور قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔ اس بلدیاتی نظام کو نہیں مانتے جو پیپلز پارٹی ہم پر مسلط کرنا چاہتی ہے ہر سطح پر مزاحمت و احتجاج کرینگے نئے بلدیاتی سسٹم میں 48 فیصد لوگ غیر منتخب ہوں گے اور مئیر ڈپٹی مئیر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہو گا۔