بھارت: افتتاحی تقریب میں ناریل نہ پھوٹا‘ سڑک ٹوٹ گئی

435

لکھنؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بجنور میں سڑک کے افتتاح کے لیے جیسے ہی ناریل پھوڑا گیاتو ناقص مال سے تعمیر شدہ سڑک ہی ٹوٹ گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق اتر پردیش میں بدعنوانی کے کیس لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ بجنور میں سڑک کی تعمیر میں اس حد تک ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا کہ افتتاح کے ناریل کی ضرب بھی برداشت نہ کر سکا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جس سڑک کے افتتاح کے لیے ناریل پھوڑا جانا تھا، وہ ایک ضرب بھی برداشت نہیں کرسکی۔ ضلع بجنور میں محکمہ آب پاشی کے ذریعے نہر کی پٹری پر ایک کروڑ 16 لاکھ کی لاگت سے 7 کلو میٹر لمبی سڑک بنائی جانی تھی، تاہم سڑک صرف 700 میٹر ہی بن پائی تھی کہ محکمے نے اس کے افتتاح کے لیے رکن اسمبلی سوچی موسم چودھری کو بلا لیا۔ واقعے پر رکن اسمبلی سوچی موسم چودھری سخت شرمندہ ہوئیں افتتاح کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا۔