ایمپلائرز رضاکارانہ طور پرای او بی آئی کی شراکت کو بہتر شرح پر ادا کریں، شکیل احمد منگ نیجو

207

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایمپلائرز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن ( ای او بی آئی) کے چیئرمین شکیل احمد منگنیجو نے کہا ہے کہ آجروں نے رضاکارانہ طور پر ای او بی آئی کی شراکت کو بہتر شرح پر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے اور شراکت کی ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے ای ایف پی سیکریٹریٹ میں ای او بی آئی ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی۔ اس بات پر اتفاق ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی) کے زیر اہتمام آجروں اور ای او بی آئی حکام کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔چیئرمین ای او بی آئی نے پنشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ آجروں اور کارکنوں کے درمیان ادا کی جانے والی شراکت کی مقدار پر تعطل کو اس وقت تک کم کیا جا سکے جب تک کہ مناسب قانونی فریم ورک قائم نہ ہو جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ای ایف پی کے ساتھ مشترکہ طور پر طے پانے والے اقدامات سے قانونی چارہ جوئی کی فضا کو آجروں اور کارکنوں کے باہمی فائدے کے لیے تعاون کی فضا سے بدلنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے آجروں کو یقین دلایا کہ ای او بی آئی ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا جس میں قانون سازی کی حقیقی روح کے مطابق آجروں اور کارکنوں کوخدمات اور سماجی تحفظ فراہم کرنا شامل ہے۔چیئرمین ای او بی آئی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ منتقلی سے پیدا ہونے والے زیر التوا مسائل حل ہو جائیں گے۔