حیدرآباد، معذوروں کے عالمی دن پر ڈی سی کی قیادت میں ریلی

171

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے حیدرآباد کے اسپیشل ایجوکیشن کے 5 سینٹرز کی جانب سے سرکٹ ہائوس حیدرآباد سے شیل پیٹرول پمپ جی او آر کالونی تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کی۔ ریلی کے اختتام پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ معذور بچے بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں جنہیں تھوڑی توجہ اور اچھی تربیت سے ایک کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور بچوں کو اسپیشل بچے کہہ کر بلایا جائے اور ان سے احساس محرومی ختم کر کے انہیں ایسا اعتماد دیا جائے کہ جس سے انہیںآگے بڑھنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کے اداروں کے اساتذہ کو اپیل کی کہ وہ نوکری سمجھ کر ان کی تربیت نہ کریں بلکہ انہیں اپنے بچوں کی طرح ان کی تعلیم و تربیت کریں تاکہ وہ معاشرے پر کسی قسم کا بوجھ نہ بنیںاور ملک وقوم کی ترقی میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں معذورکوٹے پر بھرتی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ریلی کو ڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن منیر احمد بھٹی، گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر حیدرآباد کے پرنسپل میر احسان تالپور اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے معذوروں کے عالمی دن پر معذوروں کے حقوق پر روشنی ڈالی اور ان کے مسائل اُجاگر کیے اور کہا کہ ہمیں آج یہ عزم کرنا ہوگا کہ ان بچوں کو معذور نہیں بلکہ اسپیشل بچے کہا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ اسپیشل بچوں کے لیے میڈیکل کارڈ جاری کیا جائے اور خصوصی بچوں کے سینٹر ز بھی بڑھائے جائیں۔