زرعی یونیورسٹی کے 2 اسکالرز کو پی ایچ ڈی ڈگری تفویض

476

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ زرعی یونیورسٹی کے 2 اسکالرز نے پی ایچ ڈی ڈگری مکمل کرلی ۔ سیمینار کے بعد ڈاکٹر نور النساء مری اور پروفیسر احمد علی موریانی کو ڈگری تفویض کرنے کی منظوری دی گئی۔ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے 2 اسکالرز ڈاکٹر نورالنساء مری اور ڈاکٹر احمد علی موریانی کو کامیاب تحقیق کے بعد پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی منظوری دی گئی ہے۔ جامعہ کی فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ وٹرینری سائنسز کے شعبہ لائیواسٹاک مینجمنٹ کی اسکالر ڈاکٹر نورالنساء مری نے’’ پٹیری بکریوں میں جسمانی اور جینیاتی خصوصیات اور مختلف انتظامی نظاموں کے تحت ان کی کارکردگی کا تجزیہ‘‘کے عنوان کے تحت تحقیق کی، اور اس ضمن میں سندھ کے مختلف اضلاع و علاقوں میں موجود بکری کی نسلوں پر تحقیق بھی کی گئی، ڈاکٹر نورالنساء کی تحقیق، سیمینار اور تحقیقی مقالے کے بعد انہیں پی ایچ ڈی ڈگری تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے، دوسری جانب فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ وٹرینری سائنسز کے پولٹری شعبہ کے اسکالر ڈاکٹر احمد علی موریانی کی طرف سے ’’دیسی جڑی بوٹیوں کے گوشت والی مرغیوں کی افزائش اور صحت پر فوائد‘‘ کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق کے بعد ڈاکٹر موریانی کو پی ایچ ڈی ڈگری تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے، ڈاکٹر موریانی نے سندھ کے مختلف اضلاع میں دیسی جڑی بوٹیوں اور فارمز پر تحقیق کی اور اپنا مقالہ مکمل کیا، ان کی تحقیق کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں پی ایچ ڈی ڈگری تفویض کرنے کی منظوری دی گئی، دونوں اسکالرز نے اپنے مقالے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کو پیش کی۔ وائس چانسلر نے پی ایچ ڈی کی کامیاب تکمیل پر اسکالرز کو مبارکباد دی۔