کورونا وبا سے مزید 8 افراد جاں بحق، 391 نئے کیسزرپورٹ

202

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید8 افراد انتقال کرگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 46 ہزار 457 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 391 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔گزشتہ روز اس وبا نے مزید 8 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 0.84 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 895 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔دریں اثناء تمام ائرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کورونا کی نئی لہر ایمکرون کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر کے ائر پورٹس پربیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور متحدہ عرب امارات، ایران و عراق سے آنے والے مسافروں کا ائرپورٹ پر کورونا ریپڈ ٹیسٹ دوبارہ سے شروع کرنے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دبئی، شارجہ، ابوظہبی، سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کے ائر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے، این سی او سی کی منظوری کے بعد ائرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا عمل دوبارہ سے شروع کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے ائرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ختم کردیے گئے تھے۔