خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں،وزیراعلیٰ

106
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں معڈور بچے سے مصافحہ کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انکی حکومت بلدیاتی اداروں میں خصوصی افراد کے لیے ملازمتیں رکھنے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ وہ مقامی سطح پر فیصلہ سازی میں حصہ لے سکیں۔ میں ہر ضلع میں یونٹس قائم کرکے مختلف خصوصی افراد کی بحالی میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہوں لیکن مجھے مخلص، سرشار اور خدا سے ڈرنے والے رضاکاروں کی ضرورت ہے تاکہ اس کام کو بے لوث خدمت پیار، ذاتی دیکھ بھال اور محبت کے ساتھ سرانجام دیا جائے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاو¿س کے بینکویٹ ہال میں صوبائی محکمہ برائے خصوصی افراد کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ دن ہر سال 3 دسمبر کو منایا جاتا ہے ، پروگرام میں وزرائ، سیکرٹریز، مشیران کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان اور مختلف معذور افراد کی بحالی کے لیے کام کرنے والی این جی اوز نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ بھر میں خصوصی افراد کی بحالی کے لیے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت آٹزم سینٹرز، دماغی صحت کے حالات، ذہنی معذوری، بصارت کی کمزوری اور سماعت سے محروم افراد کے لیے بحالی یونٹس کے قیام کے لیے حقیقی تنظیموں کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی حساس کام ہے جو محض فنڈز سے کیا جا سکتا ہے لیکن یہ ذاتی دیکھ بھال، محبت، پیار اور لگن کے ساتھ بھی کیا جاسکتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے معذور افراد کو بااختیار بنانے کا ایک مکمل محکمہ بنایا ہے جس میں 60 سے زاید مراکز ہیں، ان میں سے کچھ وفاقی حکومت نے سندھ کو منتقل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر قسم کی معذوری کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے کام کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انکی حکومت نے معذور افراد کی مناسب دیکھ بھال، تعلیم، بحالی اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے مختلف قوانین بنائے ہیں۔ انہوں نے عہدکیا کہ میں سرکاری محکموں کی ملازمتوں میں خصوصی افراد کے 5 فیصد کوٹہ کو نافذ کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہوں۔