منی بجٹ: اپوزیشن کا اسمبلی میں سخت مزاحمت کا فیصلہ

111

اسلام آباد (صباح نیوز) اپوزیشن نے منی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی صورت میں شدید مزاحمت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی محاذ آرائی عروج پر پہنچ گئی‘ اپوزیشن کی طرف سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے اعلان نے حکومت و اپوزیشن میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا‘ ایک طرف وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزرا اور پارٹی ترجمانوں کو ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کرپشن بے نقاب کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے تو دوسری طرف اپوزیشن ارکان نے بھی حکومتی کارکردگی کے نقائص پر
سیاست کا فیصلہ کرلیا ۔ منی بجٹ کی گونج پر اپوزیشن رہنمائوں کے آپس میں رابطے شروع ہوگئے ، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور ن لیگ کے قائد نواز شریف سمیت دیگر رہنمائوں نے آپس میں رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو مزید فعال کرنے کی تجاویز پر بھی حزب اختلاف نے غور شروع کردیا ہے، جب کہ منی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی صورت میں اپوزیشن شدید ترین مزاحمت کرے گی۔